ٹینس سپر اسٹار سرینا ولیمز اپنے منگیتر الیکس اوہانیان کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئیں، جس کی تصاویر بھی منظرعام پر آگئیں۔
سرینا نے اپنی شادی کی ایک تصویر انسٹاگرام پر شیئر کی، جس میں انہیں سفید عروسی لباس میں دیکھا جاسکتا ہے۔
دوسری جانب ان کے شوہر الیکس اوہانیان نے بھی شادی کی چند خوبصورت تصویر انسٹاگرام پر شیئر کیں۔
سرینا اور الیکس اوہانیان کی شادی 16 نومبر کو امریکی شہر نیو اورلینز آرٹس کمپلیکس میں ہوئی، جس پر تقریباً 10 کروڑ روپے سے زائد خرچ کیے گئے۔
ٹینس اسٹار کی شادی میں بلوائے گئے 250 مہمانوں میں گلوکارہ بیونسے، کم کرادشن ویسٹ اور دیگر اہم شخصیات شامل تھیں۔
رپورٹس کے مطابق شادی کی تیاریاں بڑی رازداری کے ساتھ کی گئی تھیں، حتیٰ کہ مہمانوں کو بھی تقریب میں موبائل فون کے بغیر شرکت کا کہا گیا تھا کیونکہ تصاویر کے حقوق پہلے ہی ایک میگزین کو فروخت کیے جاچکے تھے۔
مداحوں نے سرینا اور ان کے شوہر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔