کراچی: پیپلز پارٹی آج سے ملک گیر انتخابی مہم کا آغاز کرے گی اور اس سلسلے میں پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری لیاری سے مہم شروع کریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا ہے کہ پارٹی چیئرمین آج سے ملک گیر انتخابی مہم چلائیں گے جس کا آغاز لیاری سے کیا جائے گا جس کے بعد وہ شہر شہر جائیں گے۔ترجمان نے کہا کہ عام انتخابات میں عوامی منشور صرف پیپلز پارٹی نے دیا اور مخالفین کے پاس کچھ بھی نہیں، نئے اور پرانے لاڈلے منشور پر نہیں بلکہ الزام تراشی اور گالم گلوچ کا مقابلہ کر رہے ہیں۔مصطفیٰ نواز کھوکھر نے دعویٰ کیا کہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے انتخابی منشور میں ہر طبقے کے مسائل کا حل دیا ہے۔یاد رہے کہ بلاول بھٹو زرداری قومی اسمبلی کی تین نشستوں پر انتخاب لڑیں گے جس میں آبائی حلقہ لاڑکانہ سمیت لیاری اور مالاکنڈ کا حلقہ شامل ہیں۔