Site icon روزنامہ کشمیر لنک

نواز شریف کے استقبال کیلئے ایئرپورٹ جائیں گے‘ شہباز

لاہور: سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ پارٹی کارکنوں اور رہنماﺅں کی سیکڑوں کی تعداد میں گرفتاریاں، گھروں پر چھاپوں کے ذریعے انتخابات سے پہلے دھاندلی کے مترادف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں پولیس کی غنڈہ گردی اور مسلم لیگ ن کے حمایتی طبقے کو مظالم کا نشانہ بنانا کھلی زیادتی ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ 25 جولائی کو ہونے والے الیکشن کو داغ دار کیا جا رہا ہے۔ نگراں حکومت پنجاب پر تنقید کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سب یاد رکھیں، ن لیگ کو اس وقت بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے تاہم وقت کبھی ایک جیسا نہیں رہتا۔ گزشتہ روز لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ہے کہ 30 تاریخ تک کسی سیاسی کارکن کو گرفتار نہ کیا جائے ، اس کے باوجود نگراں وزیراعلیٰ پنجاب حسن عسکری کی براہ راست نگرانی میں سیکڑوں کارکن گرفتار کیے گئے۔ کچھ تو دال میں کالا ہے ، یہ کیا تماشا ہے کہ دفعہ 144 کے باوجود عمران خان لاہور میں جلسہ کررہے ہیں لیکن ہمیں اجازت نہیں دی جارہی۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہر حال میں نواز شریف کے استقبال کے لیے ایئرپورٹ جائیں گے۔ انتظامیہ اور پولیس مظالم بند کرے۔ انتقامی اقدامات کے ذمے دار اچھی طرح کان کھول کر سن لیں کہ وقت ایک جیسا نہیں رہتا، ہماری حکومت آئی تو آپ کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے۔

Exit mobile version