کراچی: مقامی عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار حسین لوائی اور طحہٰ رضا کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ایف آئی اے نے نجی بینک کے سربراہ اور آصف زرداری کے قریبی ساتھی حسین لوائی کو منی لانڈرنگ کے الزام میں 6 جولائی کو گرفتار کیا تھا۔کراچی کی جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں نجی بینک منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں ایف آئی نے گرفتار ملزمان نجی بینک کےسربراہ حسین لوائی اور طحہٰ رضا کو عدالت میں پیش کیا۔سماعت کے آغاز پر جج نے ملزم کے وکیل سے استفسار کیاکہ سپریم کورٹ میں کیا ہوا؟ اس پر حسین لوائی کے وکیل نے بتایا کہ ان کے مؤکل نے الزام کو بے بنیاد قرار دیا ہے اور سپریم کورٹ نے معاملہ ٹرائل کورٹ میں چلانے کا کہا۔تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ 47 اکاؤنٹس ہیں جن کی تفصیلات معلوم کرنی ہیں۔ملزمان کے وکیل نے عدالت سے ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے حسین لوائی اور طحہٰ رضا کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔