Site icon روزنامہ کشمیر لنک

الیکشن کے عمل کو متنازع بنایا گیا تو ملک کو ناقابل تلافی نقصان ہوگا، شہباز شریف

کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ الیکشن کے عمل کو متنازع بنایا گیا تو ملک کو ناقابل تلافی نقصان ہوگا۔شہباز شریف سانحہ مستونگ کے شہداء کے لواحقین سے تعزیت کے لیے کوئٹہ پہنچے جہاں انہوں نے نواب اسلم رئیسانی اور نواب زادہ لشکری رئیسانی سے ان کے چھوٹے بھائی سراج رئیسانی کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا۔اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مستونگ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے جس پر پورا پاکستان سوگوار ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مستونگ واقعے میں ملوث عناصر کو قرار واقعی سزا دی جائے۔انہوں نے کہا کہ میرا کوئٹہ آنے کا مقصد رئیسانی خاندان سے اظہار یکجہتی کرنا ہے اور نوابزادہ لشکری رئیسانی کی سچائی کمیشن کے قیام پر اتفاق کرتا ہوں۔ایک سوال کے جواب میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان کو ایسے موقع پر جب ہر آنکھ اشکبار ہے تو غیر سنجیدہ بات اور سیاست نہیں کرنا چاہئے بلکہ ان کو اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیئے۔ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ایک سیاسی جماعت کو سیاسی سرگرمیوں کی اجازت ہے اور باقی سب جماعتوں کو مشکل کاسامنا کرنا پڑ رہا ہے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک کے تمام مسائل کا حل صاف اور شفاف انتخابات میں ہے تاہم الیکشن کے عمل کو متنازع بنایا گیا تو ملک کو ناقابل تلافی نقصان ہوگا۔

Exit mobile version