Site icon روزنامہ کشمیر لنک

نواز شریف، مریم اور صفدر کی سزا کیخلاف ہائیکورٹ میں اپیل دائر

اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر نے ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت کی جانب سے دی جانے والی سزا کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل دائر کردی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس نے احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی اپیلیں مارکنگ کے لیے چیف جسٹس آفس بھجوادیں جس پر سماعت کل مقرر کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ہائیکورٹ میں دائر اپیل میں احتساب عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دینے اور اپیل پر فیصلہ آنے تک سزا معطل کر کے مجرموں کو ضمانت پر رہا کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔اپیل کے متن کے مطابق احتساب عدالت نے انصاف کے تقاضے پورے کئے بغیر سزا سنائی جب کہ اسلام آباد ہائیکورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر بری کیا جائے۔اپیل میں کہا گیا ہے کہ ضمنی ریفرنس اور عبوری ریفرنس کے الزامات میں تضاد تھا، صفائی کے بیان میں بتا دیا تھا کہ استغاثہ الزام ثابت کرنے میں ناکام رہا اس لیے شک کا فائدہ ملزم کو ہوتا ہے اس لیے سزا سنا کر احتساب عدالت کے جج قواعد کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے۔اڈیالہ جیل میں قید تینوں مجرموں کی جانب سے دائر اپیل میں کہا گیا کہ واجد ضیاء کے بیان کی بنیاد پر سزا سنائی گئی جو تفتیشی افسر تھے لیکن انہیں بہت سے حقائق کا علم ہی نہیں تھا، واجد ضیاء کا بیان ناقابل قبول اور غیر متعلقہ شہادت ہے۔اپیل میں کہا کہ واجد ضیاء ایسی دستاویز نہیں پیش کرسکتے جس کے وہ گواہ نہ ہوں اور ان کی گواہی محض سنی سنائی باتوں پر مبنی ہے۔

Exit mobile version