راولپنڈی: مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کو ایفی ڈرین کیس میں عمر قید کی سزا سنادی گئی۔راولپنڈی کی انسداد منشیات کی عدالت کے جج سردار اکرم خان کی جانب سے فیصلہ سنائے جانے کے بعد حنیف عباسی کو کمرہ عدالت سے گرفتار کرلیا گیا۔عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ 363 کلو گرام ایفیڈرین کا درست استعمال کیا گیا جبکہ ملزم حنیف عباسی باقی ایفیڈرین کے استعمال کا ثبوت نہ دے سکے۔عدالت نے ایفیڈرین کیس کے باقی7 ملزمان کو شک کا فائدہ دے کر بری کردیا۔عدالت نے دوپہر سوا بارہ بجے سے فیصلہ محفوظ کیا تھا جسے رات گیارہ بجے سنایا گیا۔انسداد منشیات فورس کے اہلکاروں نے حنیف عباسی کو گرفتار کرکے اڈیالہ جیل منتقل کردیا، ان کے ہمراہ رینجرز کے اہلکار بھی موجود تھے۔انسداد منشیات عدالت کے جج جسٹس محمد اکرم کے فیصلے کے بعد عدالت کے باہر مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے احتجاج کیا، عدالت کی کھڑکی کے شیشے اور گملے بھی توڑ دیے، حنیف عباسی کارکنوں کو روکتے رہے۔