Site icon روزنامہ کشمیر لنک

کوئٹہ خودکش دھماکے کا مقدمہ درج، شہادتوں کی تعداد 31 ہوگئی

کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں شہادتوں کی تعداد 31 ہوگئی جبکہ متعدد زخمی مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ترجمان اسپتال کے مطابق خودکش حملے کے 70 زخمیوں کو سنڈیمن صوبائی اسپتال میں منتقل کیا گیا تھا، جن میں سے 19 زخمیوں کو ڈسچارج کردیا گیا، 5 زخمیوں کو سی ایم ایچ اور 17 زخمیوں کو بی ایم سی اسپتال ریفر کردیا گیا جبکہ 29 زخمی سنڈیمن ہیڈکوارٹر اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔دوسری جانب دھماکے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں سب انسپکٹر خالق کی مدعیت میں نامعلوم افراد کےخلاف درج کرلیا گیا۔مقدمہ سیون اے ٹی اے اور ایکسلپوسو ایکٹ کے تحت درج کیا گیا، جس میں 302،324، 345 اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز کوئٹہ کے نواح میں مشرقی بائی پاس پر واقع تعمیرنو ایجوکیشنل کمپلیکس میں قائم پولنگ اسٹیشن کےباہر خود کش بم دھماکا ہوا تھا، جس کے نتیجے میں موقع پر موجود 6 پولیس اہلکار اور دو بچوں سمیت 29 افراد جاں بحق جب کہ 70 زخمی ہوگئے تھے۔پولیس کے مطابق موٹرسائیکل پر سوار ایک مشتبہ شخص نے پولنگ اسٹیشن کے اندر جانے کی کوشش کی جس پر وہاں موقع پر موجود پولیس اور ایف سی اہلکاروں نے اسے روکا، تاہم روکنے پر اس شخص نے خود کو دھماکے سے اڑالیا۔ایک عینی شاہد عزیز احمد نے بتایا کہ وہ ووٹ ڈالنے کے لیے آیا تھا کہ دھماکا ہوگیا، جس کے بعد لوگ نیچے گرنے لگے۔

Exit mobile version