اسلام آباد: آزاد امیدواروں، مسلم لیگ (ق) اور بلوچستان عوامی پارٹی (بی این پی) کی حمایت کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پنجاب میں حکومت سازی کی پوزیشن میں آگئی۔وفاق اور پنجاب میں حکومت قائم کرنے کے لیے پاکستان تحریک انصاف نمبرز پورے کرنے میں مصروف ہے۔پنجاب میں حکومت سازی کے لیے کسی بھی جماعت کو 149 ارکان کی تعداد پوری کرنی ہے تاہم مسلم لیگ (ن) کے پاس 129 اور تحریک انصاف کے پاس 123 ارکان ہیں۔
آزاد اراکین کی شمولیت اور ق لیگ کو ساتھ ملائے جانے کے بعد تحریک انصاف نے دعویٰ کیا ہے کہ اُسے حکومت بنانے کے لیے مطلوبہ نمبر حاصل ہوگئے۔
گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کے مزید 2 آزاد ارکان ملک عمر فاروق اور شوکت لالیکا نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی۔جہانگیر ترین نے دعویٰ کیا ہے کہ 10 آزاد ارکان قومی اسمبلی اور 18 آزاد ارکان پنجاب اسمبلی تحریک انصاف کی حمایت کر چکے ہیں۔ اُدھر بلوچستان اسمبلی کی اکثریتی جماعت بلوچستان عوامی پارٹی نے بھی تحریک انصاف سے اتحاد کرلیا، دونوں جماعتیں وفاق اور بلوچستان اسمبلی میں مشترکہ لائحہ عمل اپنائیں گی اور تحریک انصاف بی اے پی کے نامزد وزیراعلیٰ جام کمال کی حمایت کرے گی ۔بنی گالہ میں عمران خان کی زیر صدارت اجلاس بھی ہوا جس میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کے وزرائے اعلیٰ کے معاملات پر غور کیا گیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں چاروں صوبوں اور پارٹی کی مرکزی قیادت شریک تھی۔