اسلام آباد: اپوزیشن جماعتوں نے کل شام کل جماعتی کانفرنس طلب کرلی۔ مسلم لیگ (ن) اور متحدہ مجلس عمل کی جانب سے کل شام 4 بجے آل پارٹیز کانفرنس طلب کی گئی ہے جو ایم ایم اے کے رہنما میاں اسلم کی رہائش گاہ پر متوقع ہے تاہم ابھی اے پی سی کے لیے حتمی مقام کا تعین کیا جانا ہےذرائع کا کہنا ہےکہ اے پی سی میں مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی، متحدہ مجلس عمل، پشتونخوا میپ، قومی وطن پارٹی کے رہنما شریک ہوں گے جب کہ ایم کیوایم، پاک سرزمین پارٹی اور بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق اے پی سی میں قومی اسمبلی میں وزیراعظم، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے متفقہ امیدوار نامزد کیے جائیں گے جب کہ اپوزیشن لیڈر کا نام بھی طے کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہےکہ اے پی سی میں وزیراعظم کی حلف برداری اور احتجاج کی حکمت عملی بھی طے کی جائے گی جب کہ الیکشن کے مبینہ دھاندلی کے خلاف وائٹ پیپر بھی جاری کیا جائے گا۔واضح رہےکہ گزشتہ روز ہونے والی اے پی سی میں حزب اختلاف کی جماعتوں نے قومی اسمبلی میں بھرپور احتجاج کا فیصلہ کیا تھا جب کہ اپوزیشن جماعتوں کا کہنا تھا کہ عمران خان کو اتنے آرام سے وزیراعظم نہیں بننے دیں گے۔