Site icon روزنامہ کشمیر لنک

نوازشریف، مریم،کیپٹن صفدر کی سزا کیخلاف درخواست پر لاہور ہائیکورٹ کا بینچ تشکیل

لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کی سزا کے خلاف درخواست پر لاہور ہائیکورٹ کا بینچ تشکیل دے دیا گیا، جو بدھ 8 اگست کو سماعت کرے گا۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے شریف خاندان کے افراد کی سزا کے خلاف ایڈووکیٹ اے کے ڈوگر کی درخواست کی سماعت کے لیے بنچ تشکیل دیا، جس کے ارکان میں جسٹس شمس محمود مرزا، جسٹس محمد ساجد محمود سیٹھی اور جسٹس مجاہد مستقیم احمد شامل ہیں۔واضح رہے کہ درخواست گزار ایڈووکیٹ اے کے ڈوگر نے اپنی پٹیشن میں موقف اختیار کیا تھا کہ 3 بار وزیراعظم کے عہدے پر فائز رہنے والے نواز شریف کو نیب کے قانون کے تحت سزا دی گئی، جو کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد ختم ہوچکا ہے۔درخواست گزار کا کہنا تھا کہ نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو مردہ قانون کے تحت سزا غیر قانونی ہے، لہذا اسے کالعدم قرار دیا جائے۔لاہور ہائیکورٹ کا بینچ بدھ 8 اگست کو مذکورہ درخواست پر سماعت کرے گا۔

Exit mobile version