مقبوضہ کشمیر کے کئی مقامات پر بھارتی فوج نے محاصرے کے دوران شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنایاکھوری بٹہ پورہ نور آباد کولگام میں کریک ڈائون کے دوران شدید جھڑپیں ہوئیں جن کے دوران 15افراد زخمی ہوئے۔ 6زخمی افراد کو سرینگر منتقل کردیا گیاجو آنکھوں میں پیلٹ لگنے سے زخمی ہوئے۔ادھر پلوامہ کے شنگر پورہ مورن گائوںمیں شبانہ جھڑپیں ہوئیں جبکہ تکیہ ٹینگہ پونہ پلوامہ میں محاصرے کے دوران نوجوانوں کی شدید مارپیٹ کی گئی۔مقامی لوگوں کے مطابق 9و 34آر آر، سی آر پی ایف اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے کھوری بٹہ پورہ نور آباد کولگام کا شام کے وقت محاصرہ کیا۔ گائوں کا سخت ترین محاسرہ کرنے کی کوشش کی گئی۔اس دوران مقامی لوگ گھروں سے باہر آئے اور انہوں نے کریک ڈائون میں رخنہ ڈالنے کی غرض سے فورسز پر کئی اطراف سے شدید پتھرائو کیا۔فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کے گولے داغے اور ہوائی فائرنگ کی تاہم لوگ منتشر نہیں ہوئے ۔ اسکے بعد پیلٹ فائرنگ کا سہارا لیا گیا۔ گائوں میں شام دیر گئے تک شدید جھڑپوں کا سلسلہ جاری رہا جس کے دوران 15افراد زخمی ہوئے۔کولگام اسپتال میں 15افراد کو لایا گیا جن میں سے 8کو داخل کیا گیا جبکہ 6کو سرینگر منتقل کردیا گیا جنکی آنکھوں میں پیلٹ لگے تھے۔زخمیوں میںپرویز احمد،امتیاز احمد، سہیل احمد،معراج ا لد ین ، سہیل بٹ،محمد یوسف،شاہد احمد شامل ہیں۔معلوم ہوا ہے کہ جھڑپوں کے دوران ہی جنگجو فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔ادھر شنگر پورہ مورن نامی گائوں کو سنیچر کی شام فورسز نے محاصرہ میں لیا اور گھر گھر تلاشی کارروائی شروع کی۔فورسز نے اس دوران جب کچھ نوجوانوں کی مارپیٹ شروع کی تو لوگ مشتعل ہوئے اور انہوں نے فورسز پر پتھرائو شروع کیا۔ اس کے بعد طرفین کے درمیان جم کر تصادم آرائی ہوئی جو دیر رات گئے تک جاری رہی۔ فورسز اور مظاہرین کے درمیان کھلے کھیتوں میں پتھرائو اور شلنگ ہوتی رہی۔کئی افراد کی مار پیٹ بھی کی گئی۔ادھر تکیہ ٹینگہ پونہ پلوامہ کو اتوار کی سہ پہر محاصرے میں لیا گیا۔اس دوران گائوں کی تلاشی لی گئی اور کھیت کھلیانوں میں کام کررہے کئی افراد، جن میں مزدور بھی شامل تھے ، کی شدید مارپیٹ کی گئی۔