کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی نومنتخب رکن قومی اسمبلی زرتاج گل وزیر کا کہنا ہے کہ وہ سسٹم تبدیل کرنے کے لیے قبائلی علاقے سے باہر نکل کر آئی ہیں اور بتانا چاہتی ہیں کہ خواتین بھی مرد لیڈر کی طرح کام کر سکتی ہیں۔واضح رہے کہ زرتاج گل 25 جولائی کو ہونے والے الیکشن میں قومی اسمبلی کی نشست این اے 191 (ڈیرہ غازی خان) سے مسلم لیگ (ن) کے صفدر اویس خان لغاری کے مقابلے میں 25 ہزار زیادہ ووٹ لے کر فاتح قرار پائیں، جنہیں بہت سراہا جارہا ہے۔زرتاج گل وزیر نے کہا کہ ‘میں منافق اور بزدل نہیں بلکہ پاکستان کو تبدیل کرنے میں حصہ ڈالوں گی’۔زرتاج گل کے والدین کا تعلق شمالی وزیرستان سے ہے، انہوں نے اپنی تعلیم لاہور سے حاصل کی اور پھر تحریک انصاف میں بطور رضاکار شمولیت اختیار کی۔انٹرویو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ قبائلی ہونے کی وجہ سے ان کی طبعیت جنگجوانہ ہے اور آدھے سے زیادہ ووٹ انہیں تقریر کی وجہ سے ملتے ہیں