Site icon روزنامہ کشمیر لنک

لائن آف کنٹرول پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ، 65 سالہ کشمیری شہری شہید

وادی لیپا: لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی افواج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں ایک 65 سالہ کشمیری شہری شہید ہوگیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے کنٹرول لائن پر شہریوں پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں گاؤں موجی میں ایک 65 سالہ کشمیری شہری شہید ہوگیا۔تاہم پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی کے نتیجے میں بھارتی بندوقیں خاموش ہوگئیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے جوابی کارروائی میں بھارتی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی ایک ایسے وقت میں کی گئی ہے، جب ایک روز قبل ہی پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کا ہاٹ لائن پر رابطہ ہوا، جس کے دوران لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر جنگ بندی کے معاملات پر اظہارِ خیال کیا گیا تھا۔آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق پاکستان کے ڈی جی ایم او نے ہاٹ لائن رابطے کے دوران انتباہ کیا تھا کہ بھارت ایل او سی پر کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی سےگریز کرے، جس پر بھارتی ڈی جی ایم او نے حالات خراب کرنے والے اقدام سےگریز کی یقین دہانی کروائی تھی۔

Exit mobile version