اسلام آباد: سپریم کورٹ نے مبینہ جعلی بینک اکاؤنٹ سے منی لانڈرنگ کیس میں اومنی گروپ کے سربراہ انور مجید سمیت تمام فریقین کو طلب کرلیا۔سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں مبینہ جعلی بینک اکاؤنٹس سے متعلق کیس کی سماعت اور اومنی گروپ کےمالکان عدالتی حکم کے باوجود عدالت میں پیش نہ ہوئے، عدالت نے پیش نہ ہونے سے متعلق مجید فیملی کی درخواست مسترد کردی۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ انور مجید اور دیگرکے پیش ہونے کا رضا کاظم نے یقین دلایا تھا، کیا عدالتی حکم عدولی پر مجید فیملی کو توہین عدالت کا نوٹس دیں؟
جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ عدم حاضری کی وجوہات بتائیں؟ مجید فیملی کو بلائیں کہ وہ عدالت میں پیش ہوں، رات 8 بجے تک بلائیں ہم دوبارہ عدالت لگا دیں گے، آپ کو خدشات ہیں کہ مؤکل کو گرفتار کیا جائے گا؟ اگر سپریم کورٹ کے حکم پر عمل نہیں کراسکتے تو پھر بتائیں ہم کیا کریں؟ اومنی گروپ کی جائیدادیں، بینک اکاؤنٹس ایف آئی اے نےقرق کیں تو اب ہم بھی قرقی کا حکم دیتے ہیں۔
اس موقع پر اوپنی گروپ کے وکیل شاہد حامد نے استدعا کی کہ ہمیں وقت دیں تا کہ انور مجید اور دیگر کوعدالت میں بلاسکیں، اس پر عدالت نے وقت دین کی استدعا مسترد کردی۔دوران سماعت ڈی جی ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ تحقیقات کے دوران اے ون انٹرنیشنل کے اکاؤنٹ سے مزید 15 اکاؤنٹس نکلے ہیں، ان اکاؤنٹس سے 6 ارب روپے کی ترسیلات ہوئیں، گرافک ڈیزائنر کےنام پراکاؤنٹ کھلوایا گیا، 35 ہزار روپے تنخواہ لینے والے گرافک ڈیزائنر کے اکاؤنٹ سے 80 کروڑ کی ترسیلات ہوئیں۔