راولپنڈی: نوازشریف، مریم اور کیپٹن (ر) صفدر سے اڈیالہ جیل میں (ن) لیگی رہنما اور اہلخانہ ملاقات کریں گے۔اڈیالہ جیل میں جمعرات کے روز قیدیوں سے ملاقات کا دن ہوتا ہے اور اس روز میاں نوازشریف ان کی صاحبزادی اور داماد سے (ن) لیگی رہنما اور اہلخانہ ملاقات کرتے ہیں۔اڈیالہ جیل میں قید افراد سے ملاقات کا وقت شام 4 بجے تک ہوتا ہے۔نوازشریف، مریم اور کیپٹن (ر) صفدر سے ملاقات کے لیے دانیال عزیز، ملک احمد محمد خان، رانا افضل اور پرویز رشید اڈیالہ جیل پہنچ گئے ہیں۔اڈیالہ جیل آمد پر میڈیا سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہاکہ صدارتی انتخاب میں پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ کے امیداوروں کو سارے ووٹ پڑے ہیں۔مائیک پومپیو کے دورے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ کے دورے اور ڈو مور کے مطالبے پر مطالعے کے بعد ہی جواب دوں گا۔واضح رہےکہ سابق وزیراعظم میاں نوازشریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا سنائی ہے جب کہ (ن) لیگ کے ایک اور رہنما حنیف عباسی ایفی ڈرین کیس میں سزا کے بعد اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔