راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ یوم دفاع و شہدا کے موقع پر پولیس کے شہید سب انسپکٹر کے گھر گئے اور ان کی قربانی پر خراج تحسین پیش کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی جنرل قمر جاوید باجوہ اور ان کی اہلیہ راولپنڈی کی پولیس لائنز میں شہید پولیس سب انسپکٹر عباس کے گھر گئے اور ان کے اہلخانہ سے ملاقات کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ان کی اہلیہ نے شہید عباس کی عظیم قربانی پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ان کی اہلیہ نے شہید کے اہلخانہ کے ساتھ مل کر ان کے بلند درجات کے لیے دعا کی۔اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ اپنی جان قربان کرنے سے زیادہ کوئی عظیم قربانی نہیں، ہماری جانیں پاکستان کے لیے وقف ہیں۔واضح رہےکہ آج ملک بھر میں 1965 کی جنگ کی کامیابی کے دن کے موقع پر یوم دفاع و شہدائے پاکستان جوش و خروش سے منایا جارہا ہے اور اس بار پاک فوج کی جانب سے یوم دفاع کا عنوان ’ہمیں پیار ہے پاکستان سے‘ رکھا گیا ہے۔