اسلام آباد: سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے دور حکومت میں قطر کے ساتھ لیکیوفائڈ نیچرل گیس (ایل این جی) کی خریداری سے متعلق معاہدے کی تمام تفصیلات فوری طلب کرلیں۔چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے ایل این جی معاہدے کے خلاف شہری کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی۔درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ مہنگے داموں ایل این جی درآمد کا معاہدہ کیا گیا جس سے ملک کو اربوں ڈالر کا نقصان ہورہا ہے۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ‘کیا نیب کا کوئی نمائندہ عدالت میں موجود ہے’ جس پر عدالت کو نفی میں جواب ملا جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ نیب کا کوئی نمائندہ یہاں موجود ہونا چاہیے۔عدالت نے نیب سے کیس کی انکوائری کی تفصیلات فوری طلب کرتے ہوئے سماعت میں کچھ دیر کے لیے وقفہ کردیا۔یاد رہے کہ نواشریف کے دور حکومت میں سابق وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے قطر کے ساتھ ایل این جی درآمد کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔معاہدے کے تحت پاکستان 16 برسوں تک ملک کی توانائی کی ضرورتوں کو پورا کرنے کے لیے گیس خرید سکے گا۔