Site icon روزنامہ کشمیر لنک

نواز شریف کی اہلیہ کی وفات: العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت کل تک ملتوی

اسلام آباد: احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت ان کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی وفات کے باعث کل (13 ستمبر) تک کے لیے ملتوی کردی۔یاد رہے کہ کینسر کے مرض میں مبتلا بیگم کلثوم نواز طویل علالت کے بعد گزشتہ روز لندن کے اسپتال میں انتقال کر گئی تھیں۔احتساب عدالت نمبر 2 کے جج محمد ارشد ملک نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف نیب ریفرنس پر سماعت کی۔نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث عدالت میں پیش ہوئے اور آگاہ کیا کہ بدقسمتی سے سابق وزیراعظم کی اہلیہ بیگم کلثوم کا انتقال ہو گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ‘آج صبح معلوم ہوا کہ نواز شریف کو پیرول پر رہائی کے بعد لاہور لے جایا گیا ہے اور ان کی غیر حاضری میں عدالتی کارروائی چلانے کی ہدایات نہیں ملیں’۔خواجہ حارث نے عدالت کو بتایا کہ ‘وہ نواز شریف سے آج رابطہ کرکے ہدایات لینے کے بعد کل عدالت کو آگاہ کردیں گے’۔احتساب عدالت کے جج نے کہا کہ ‘جیل سے روبکار آئے تو پتہ چلے کہ اس میں کیا لکھا ہے’۔جج ارشد ملک نے مزید کہا کہ ‘کلثوم نواز قومی شخصیت تھیں، آج کارروائی چلانا مناسب نہیں’۔اس موقع پر خواجہ حارث نے کہا کہ ‘بیگم کلثوم نواز وینٹی لیٹر پر تھیں، جب نواز شریف وطن واپس آئے’۔جس پر جج نے ریمارکس دیے کہ ‘یہ باتیں قومی میڈیا میں بھی رپورٹ ہوئی ہیں’۔

Exit mobile version