اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ایک روزہ دورے پر افغانستان کے دارالحکومت کابل پہنچ گئے۔شاہ محمود قریشی کا وزیرخارجہ کا منصب سنبھالنے کے بعد یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔کابل پہنچنے پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا افغان وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام نے استقبال کیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اہم ملاقاتیں کریں گے جن میں وہ افغان صدر اشرف غنی سے بھی ملاقات کریں گے جب کہ شاہ محمود اور افغان حکام کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے۔ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کے مطابق وزیر خارجہ کا کابل کا پہلا دورہ کرنا پاکستان کی افغانستان اور علاقائی امن کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے اور کامیاب دورے سے مستقبل میں امن مذاکرات اور باہمی تعلقات میں مزید پیش رفت ہوگی۔ذرائع کے مطابق دورے کے دوران افغان وزارت خارجہ میں پاکستانی اور افغان حکام کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے جبکہ دوطرفہ تجارتی امور اور افغانستان-پاکستان ایکشن پلان فارپیس اینڈ اسٹیبلیٹی پر بھی بات ہوگی۔مذاکرات میں جلال آباد قونصل خانے کی بندش کا معاملہ بھی زیرغور لایا جائے گا جبکہ خطے سے دہشت گردی کے خاتمے اور افغان مسئلے کے مستقل حل پر بات چیت ہوگی۔ذرائع نے بتایا کہ مذاکرات میں سرحد پار دہشت گردی اور بارڈر مینجمنٹ پر بھی بات چیت کی جائے گی۔دورے کے دوران وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی افغان چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ سے بھی ملاقات کریں گے جبکہ وزیر خارجہ کی افغان صدر اشرف غنی سے بھی ملاقات طے ہے۔وزیرخارجہ نے حلف کے بعد سب سے پہلے افغانستان کا دورہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔افغان وزیرخارجہ صلاح الدین ربانی کی جانب سے بھی پاکستانی ہم منصب کو دورے کی دعوت دی گئی تھی۔