اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ضمنی انتخابات میں ووٹنگ کا حق استعمال کرنے کے لیے سمندر پار پاکستانیوں کی رجسٹریشن کی تاریخ میں توسیع کردی، سمندر پار پاکستانی اب پیر (17 ستمبر) تک رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق ضمنی انتخابات میں سمندر پار پاکستانی آئی ووٹنگ کی سہولت استعمال کرنے کے لیے اب 17 ستمبر تک رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق توسیع کا مقصد زیادہ سے زیادہ تارکین وطن کی رجسٹریشن ہے۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے 14 اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کی سہولت دینے کے لیے شیڈول جاری کیا تھا، جس کے مطابق سمندر پار پاکستانیوں کو یکم سے 15 ستمبر تک الیکشن کمیشن کی ویب سائیٹ کے ذریعے اپنی رجسٹریشن کرانے کی مہلت دی گئی تھی، تاہم اب اس میں 17 ستمبر تک توسیع کردی گئی ہے۔خیال رہے کہ 14 اکتوبر کو ملک بھر میں قومی اسمبلی کے 11 اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے 26 حلقوں پر ضمنی انتخاب ہوگا۔