Site icon روزنامہ کشمیر لنک

پیرول پر رہا نواز شریف، مریم اور صفدر کی لاہور سے اڈیالہ جیل منتقلی

لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کو لاہور سے اڈیالہ جیل منتقل کیا جارہا ہے۔سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے تینوں افراد کو پیرول پر رہا کیا گیا تھا جس کا وقت آج سہہ پہر 4 بجے ختم ہورہا ہے۔ذرائع کے مطابق نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کو کچھ دیر بعد اڈیالہ جیل لے جایا جائے گا جس کے لیے لاہور ایئرپورٹ پر خصوصی طیارے کا بندوبست کیا گیا ہے۔نواز شریف و دیگر سے ملاقات کے لیے لیگی رہنما جاتی امراء پہنچ گئے، شہباز شریف، حمزہ شہباز اور خاندان کے دیگر افراد بھی وہاں موجود ہیں۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ پنجاب کے مطابق نواز شریف، مریم اور کیپٹن صفدر کی پیرول میں توسیع کی کوئی درخواست نہیں ملی، مقررہ وقت ختم ہوتے ہی تینوں افراد کو اڈیالہ جیل منتقل کردیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اڈیالہ جیل کے تین افسر بھی نواز شریف کے ساتھ جائیں گے جب کہ شریف خاندان کے تین افراد کو ایئرپورٹ تک ساتھ جانے کی اجازت ہوگی۔ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز، سلمان اور یوسف عباس نواز شریف کے ساتھ ایئرپورٹ تک جائیں گے اور تینوں کو ایئرپورٹ کے اندر جانے کی اجازت دی گئی ہے جب کہ شہباز شریف کو نواز شریف کے ساتھ راولپنڈی تک جانے کی اجازت ہوگی۔نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو کلثوم نواز کے انتقال پر اڈیالہ جیل سے 12 گھنٹے کے لیے پیرول رول پر رہائی دی گئی جس کی مدت میں 4 روز کی توسیع کی گئی۔دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا تنویر حسین کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے پیرول کی مدت بڑھانے کی کوئی درخواست نہیں کی۔یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت سے سزا یافتہ ہیں اور 13 جولائی سے اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔تینوں افراد کی جانب سے سزا معطلی کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر رکھی ہے جس پر آج فیصلہ آنے کا امکان ہے۔

Exit mobile version