Site icon روزنامہ کشمیر لنک

منی لانڈرنگ کیس: آصف زرداری اور فریال تالپور حاضری لگا کر بینکنگ کورٹ سے روانہ

کراچی: جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کے کیس میں ضمانت پر رہا سابق صدر آصف زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور بینکنگ کورٹ میں پیش ہوئے۔سابق صدر آصف زرداری، فریال تالپور، اومنی گروپ کے مالک انور مجید اور ان کے تینوں بیٹوں سمیت دیگر کی ضمانت پر رہائی کا آج آخری روز تھا اور تمام ملزمان بینکنگ کورٹ کے روبرو پیش ہوئے۔بینکنگ کورٹ کراچی میں کیس کی سماعت شروع ہوئی تو ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے درخواست پر کارروائی کی مخالفت کی۔پراسیکیوٹر نے کہا کہ سپریم کورٹ نے اومنی گروپ کے اکاؤنٹس سے متعلق کسی بھی قسم کا فیصلہ دینے سے روکا ہے جس پر انور مجید کے وکیل نے کہا کہ سپریم کورٹ نے آرڈر جاری کرنے سے منع کیا ہے دلائل دینے سے نہیں۔اس موقع پر بینکنگ کورٹ کے جج نے کہا کہ پہلے سپریم کورٹ کا حکم نامہ پڑھ لیں اس کے بعد فیصلہ کریں گے۔انور مجید کے وکیل نے استدعا کی کہ ایف آئی اے کو حتمی چالان پیش کرنے کا کہا جائے جس پر عدالت نے کہا کہ یہ معاملہ اب سپریم کورٹ کے پاس ہے اس لیے ہم ایف آئی اے کو چالان کے لیے ٹائم فریم کا کہہ سکتے ہیں۔عدالت نے 5 مفرور ملزمان کے ایک مرتبہ پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت 16 اکتوبر تک کے لیے ملتوی کردی، مفرور ملزمان میں حسین لوتھا، عارف خان، اعظم وزیر خان سمیت دیگر شامل ہیں۔

Exit mobile version