Site icon روزنامہ کشمیر لنک

خارجہ پالیسی کے محاذ پر حکومت کی کارکردگی سے ملک کو خفت اٹھانا پڑی، خواجہ آصف

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ خارجہ پالیسی کے محاذ پر حکومت کی کارکردگی سے ملک کو خفت اٹھانا پڑی ہے۔ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی زیرصدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وزیراعظم عمران خان سعودی عرب گئے تو پی ٹی آئی والوں نے کہا کہ وہ 10 ارب لے آئے ہیں ، اب یہ نہیں پتا چلا ارب الف سے تھا یا عین سے۔خواجہ آصف نے کہا کہ پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات کے حوالے سے بھارت کے انکار پر پاکستان کو دھچکا لگا اور سی پیک پر بھی شکوک و شبہات پیدا کیے گئے۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ افغان مہاجرین کو پاسپورٹ دینے والے بیان کو بعد میں تجویز کہہ دیا گیا۔خواجہ آصف کے جواب میں شیریں مزاری نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن میں آتے ہی خواجہ آصف کو خارجہ پالیسی یاد آگئی، سابق حکومت کی خارجہ پالیسی واضح نہیں تھی اور اس پر پارلیمنٹ میں بحث ہی نہیں ہوتی تھی، اگر اپوزیشن کو سیاست کھیلنی ہے تو کھیل لے ہم بھی تیار ہیں۔شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ مسائل حل کرنے پر توجہ ہوگی تو ہم بھی ساتھ دیں گے، ہم نے منی لانڈرنگ کے مسئلے پر پہلی بار برطانیہ سے بات کی اور کئی افراد کو تو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔

Exit mobile version