اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 217 ملتان سے کامیاب امیدوار محمد سلمان کو نااہل قرار دے دیا۔آزاد حیثیت سے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار محمد سلمان نے صوبائی اسمبلی کی نشست پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو شکست دی تھی۔الیکشن کمیشن نے پی پی 217 ملتان پر محمد سلمان کی کامیابی کے خلاف درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے اُن کی کامیابی کا نوٹی فکیشن واپس لے لیا۔الیکشن کمیشن نے صوبائی اسمبلی کی نشست پر الیکشن کالعدم قرار دیتے ہوئے دوبارہ انتخاب کرانے کا حکم دیا ہے۔الیکشن کمیشن کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ نادرا ریکارڈ کے مطابق محمد سلمان کی عمر الیکشن کے وقت 25 سال سےکم تھی۔یاد رہے کہ محمد سلمان نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو 3 ہزار 578 ووٹوں سے شکست دی تھی اور بعدازاں حکومت سازی کے دوران انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔محمد سلمان کی کامیابی کے خلاف پی پی 217 کے ووٹرز شعیب اکمل قریشی اور طاہر حمید نے الیکشن کمیشن میں دراخواست دائر کی تھی۔درخواست گزاروں کے مطابق محمد سلمان دو نام استعمال کرتے ہیں اور ان کے دو شناختی کارڈز بھی ہیں، ان کے پہلے شناختی کارڈ میں ان کا نام سلمان نعیم اور تاریخ پیدائش 28 جنوری 1994ہے جبکہ نئے شناختی کارڈ میں ان کا نام محمد سلمان ہے اور تاریخ پیدائش 1 فروری 1993ہے۔