لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا مشہود کا کہنا ہےکہ میرا کل کا انٹرویو سیاق و سباق سے ہٹ کر چلایا گیا اور اس میں کہیں ڈیل کا لفظ نہیں تھا۔پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران رانا مشہود نے اپنےگزشتہ روز کے بیان پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ میں جمہوریت پر یقین رکھنے والا سیاسی کارکن ہوں، جب بھی اسٹیبلشمنٹ کی بات کرتا ہوں اس میں فوج کا کہیں نام نہیں لیا۔انہوں نے وفاقی وزیراطلاعات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فواد چوہدری ہر حکومت کا بغل بچہ ہوتا ہے، ان کا دو دن پہلے بیان تھا عدلیہ اور فوج ہمارے پیچھے کھڑی ہے۔لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ یہ فوج پاکستان کی ہے، اس پر ہم سب کا حق ہے، میرا کل کا انٹرویو سیاق و سباق سے ہٹ کر چلایا گیا، انٹرویو میں کہیں ڈیل کا لفظ نہیں تھا، ہر جگہ ہر بار کہا یہ میری ذاتی رائے ہے۔رانا مشہود نے مزید کہا کہ ہم نے ہمیشہ قانون کی حکمرانی کی بات کی، ہم نے کبھی چور دروازے نہیں ڈھونڈے، کبھی ڈیل کی اور نہ کسی کو کرنے دیں گے۔واضح رہےکہ گزشتہ روز رانا مشہود نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ سے (ن) لیگ کے معاملات کافی حد تک ٹھیک ہوگئے ہیں جب کہ ان کے بیان پر پارٹی نے نوٹس لیا ہے اور ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے بھی رد عمل دیا تھا۔