Site icon روزنامہ کشمیر لنک

ٹیکس نادہندگان کے زمین، گاڑی خریدنے پر دوبارہ پابندی کا اعلان، ضمنی بجٹ منظور

اسلام آباد: قومی اسمبلی نے ضمنی مالیاتی ترمیمی بل کی کثرت رائے سے منظوری دے دی جب کہ حکومت نے ایک بار پھر ٹیکس نادہندگان کے لیے زمین اور گاڑی خریدنے پر پابندی کا اعلان کردیا۔اسپیکر اسد قیصر کی زیرصدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں وزیر خزانہ اسد عمر نے ضمنی مالیاتی ترمیمی بل 2018 منظوری کے لیے پیش کیا، اسپیکر اسد قیصر نے وائس ووٹنگ کے ذریعے بل کی منظوری کا عمل شروع کیا تو اپوزیشن کی جانب سے شق 2 کو چیلنج کیا گیا اور اس پر رائے شماری کا مطالبہ کیا گیا جسے اسپیکر نے منظور کرلیا۔قومی اسمبلی میں ضمنی مالیاتی ترمیمی بل 2018 کی شق 2 پر رائے شماری کی گئی جس کی حمایت میں 158 اور مخالفت میں 120 ووٹ آئے۔ایوان میں بل کی شق وار منظوری لی گئی، بل میں آخری ترمیم پی پی رکن کی جانب سے پیش کی گئی جس میں اراکین اسمبلی کی تنخواہیں اور مراعات بڑھانے سمیت پنشن کا حق دینے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔وزیر خزانہ اسد عمر نے ترمیم پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت کی صورتحال ٹھیک نہیں اس لیے مطالبہ نہیں مانا جاسکتا۔قومی اسمبلی نے اپوزیشن کی جانب سے پیش کی گئی 4 ترامیم کو مسترد کرتے ہوئے بل کو کثرت رائے سے منظور کرلیا۔بعد ازاں اسپیکر اسد قیصر نے اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی۔

Exit mobile version