Site icon روزنامہ کشمیر لنک

حنیف عباسی اٹک سے لاہور کی کوٹ لکھپت جیل منتقل

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کو اٹک سے کوٹ لکھپت جیل لاہور منتقل کردیا گیا۔آئی جی جیل پنجاب شاہد بیگ کے مطابق حنیف عباسی کو ان کی صحت کے پیش نظر لاہور منتقل کیا گیا۔واضح رہے کہ لیگی رہنما حنیف عباسی کو 21 جولائی کو ایفی ڈرین کیس میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔سزا کے بعد وہ اڈیالہ جیل میں قید تھے، تاہم گزشتہ ماہ ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا معطلی کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف کی رہائی کے موقع پر جیل سپرنٹنڈنٹ کے کمرے میں حنیف عباسی کی موجودگی کا معاملہ سامنے آنے کے بعد انہیں اٹک جیل منتقل کردیا گیا تھا۔آئی جی جیل پنجاب شاہد بیگ کے مطابق حنیف عباسی کو اڈیالہ جیل میں قید کے دوران دل کی تکلیف ہوئی تھی، جس پر انہیں اسپتال لے جایا گیا اور وہاں انہیں اسٹنٹ ڈالا گیا تھا۔انہوں نے مزید بتایا کہ طبیعت خراب ہونے کی صورت میں اٹک میں کوئی بڑا اسپتال نہیں ہے، یہی وجہ ہے کہ حنیف عباسی کو لاہور منتقل کردیا گیا۔

Exit mobile version