Site icon روزنامہ کشمیر لنک

بھارت مقبوضہ کشمیر میں کیمیائی ہتھیار استعمال کررہا ہے: ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا ہےکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں پر کیمیائی ہتھیار استعمال کررہا ہے۔دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان ڈاکٹر فیصل نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کی مذمت کرتے ہوئےکہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج نے 18 کشمیریوں کو شہید کردیا، بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں پر کیمیائی ہتھیاراستعمال کررہا ہے، قابض افواج نے بانڈی پورہ میں کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کیا، بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہا ہے۔کلبھوشن کیس پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن کے کیس کی فروری سے سماعت شروع ہو رہی ہے اور عالمی عدالت انصاف میں یہ سماعت مسلسل چلے گی، کیس کی مکمل تیاری ہے اور اسے عالمی عدالت میں بھرپور طریقے سے لڑیں گے۔پاک بھارت مذاکرات پر بات کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان پرُامن ہمسائیگی کے قائداعظم کے نظریے پر یقین رکھتا ہے، بھارت سے مذاکرات نہ ہوئے تو کرتارپور سمیت کسی معاملے پر بات نہیں بڑھ سکتی، مذاکرات کیلئے بھارت کو منا نہیں رہے بلکہ پہلا خط ان کی طرف سے آیا تھا۔انہوں نے پاکستانی اور بھارتی وزیر خارجہ کی خفیہ ملاقات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ابھی بھی پُرامن ہمسائیگی کا خواہش مند ہے، بھارتی وزیرخارجہ سےطے شدہ ملاقات کی منسوخی پر افسوس ہے، سشماء سوراج ملاقات پر راضی ہوئی تھیں۔ڈاکٹر فیصل نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے دورہ امریکا سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر خارجہ نے امریکا میں مختلف ممالک کے سفراء سے ملاقاتیں کیں، وزیر خارجہ شاہ محمود عالمی بینک کےسربراہ سے بھی ملے، انہوں نے سندھ طاس معاہدے اور متنازع کشن گنگا ڈیم پر تبادلہ خیال کیا۔

Exit mobile version