Site icon روزنامہ کشمیر لنک

دپیکا پڈوکون ’لکشمی‘ کے ساتھ پروڈیوسر بھی بن گئیں

بالی وڈ کی خوبرو اداکارہ دپیکا پڈوکون کی سپر ہٹ فلم ’پدماوت‘ کے بعد سب کو انتظار تھا کہ اب وہ کس فلم میں جلوہ گر ہونے والی ہیں اور اب مداحوں کا یہ انتظار بھی ختم ہوگیا ہے۔دپیکا پڈوکون کی آنے والی فلم ایک سوانح حیات (بائیوپک) ہے، جس میں وہ لکشمی کا کردار ادا کریں گی اور صرف یہی نہیں اس فلم کو پروڈیوس بھی دپیکا ہی کر رہی ہیں۔بھارتی نیوز ویب سائٹ این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق دپیکا پڈوکون نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ وہ پہلی بار فلم راضی کی ہدایت کار میگھنا گلزار کے ساتھ بائیوپک فلم میں کام کرنے جا رہی ہیں جس میں وہ لکشمی کا کردار نبھائیں گی۔انہوں نے بتایا کہ اس فلم کی کہانی لکشمی اگروال کی زندگی پر مبنی ہے جن پر 15 برس کی عمر میں تیزاب پھینک دیا گیا تھا۔اداکارہ کے مطابق ‘میں نے جب یہ کہانی سنی تو مجھے محسوس ہوا کہ مجھے یہ کردار کرنا چاہیے، اس لیے نہیں کہ اس میں تشدد ہے بلکہ اس لیے کیونکہ یہ ہمت، حوصلے، جیت اور امید کی کہانی ہے’۔دپیکا نے مزید بتایا کہ بطور پروڈیوسر یہ ان کی پہلی فلم ہوگی جس میں وہ ایک بہت منفرد کردار میں جلوہ گر ہونے والی ہیں۔دوسری جانب لکشمی اگروال کے بارے میں بتاتے ہوئے میگھنا گلزار کا کہنا تھا کہ ’دپیکا اس کردار کو بخوبی نبھائیں گی کیونکہ ان میں مضبوط کردار کو نبھانے اور سمجھنے کی صلاحیت موجود ہے‘۔ہدایت کار کا مزید کہنا تھا کہ لکشمی کے کردار پر دپیکا پوری اترتی ہیں اور ان سے اچھا کوئی نہیں لگ سکتا۔

Exit mobile version