اسلام آباد: سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جائیداد نیلامی بینک اکاؤنٹس قبضے میں لیے جانے سے متعلق پیش رفت رپورٹ احتساب عدالت میں جمع کرادی گئی۔احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثوں کے نیب ریفرنس میں عدالت کے روبرو پیش نہ ہونے پر اسحاق ڈار کی اثاثوں کی قرقی کا حکم دیا تھا۔تفتیشی افسر نادر عباس نے اثاثوں کی قرقی سے متعلق رپورٹ احتساب عدالت میں جمع کرادی جس میں بتایا گیا ہے کہ نیب نے اسحاق ڈار کے اکاؤنٹس اور ان میں رقم کی تفصیلات پنجاب حکومت کو فراہم کردیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسحاق ڈار اور ان کی کمپنیوں کے بینک اکاؤنٹس میں 50 کروڑ 83 لاکھ سے زائد رقم ہے اور یہ رقم صوبائی حکومت کی تحویل میں دی گئی۔تفتیشی افسر نے رپورٹ میں بتایا کہ اسحاق ڈار کا گلبرگ 3 لاہور کا گھر صوبائی حکومت کی تحویل میں دے دیا تاہم موضع ملوٹ اسلام آباد میں 6 ایکڑ اراضی کیس کی تفتیش سے پہلے بک چکی تھی۔رپورٹ کے مطابق اسحاق ڈار کی ایک ہاؤسنگ سوسائٹی میں 3 پلاٹ بھی دسمبر 2017 میں عدالتی حکم پر قرق کیے گئے تھے۔نیب رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسحاق ڈار کی گاڑیاں تحویل میں لینے کے لیے رہائش گاہ پر کارروائی کی گئی لیکن وہاں گاڑیاں نہیں تھیں جن کی تلاش جاری ہے، گھر کی ڈی وی آر بھی وصول کی گئی لیکن گاڑیاں گھر سے غائب ہیں۔