واشنگٹن: عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کا کہناہے کہ پاکستانی معیشت نازک دور سے گزر رہی ہے اور پاکستان جنوبی ایشیا کا واحد ملک ہے جس کے راستے محدود اور اخراجات بہت زیادہ ہیں۔آئی ایم ایف کی رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ پاکستان چڑھتی اور گرتی معیشت کے حصار میں پھنسا ہوا ہے اور اس کی معیشت کی حالت نازک نہیں بہت نازک ہے، ملک کی معاشی صورتحال دوسال تک نازک رہے گی۔آئی ایم ایف کی رپورٹ میں کمزور معاشی ترقی اور غربت کو خراب معیشت کی وجوہات قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ لوگوں کوغربت سے نکالنا اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا دشوار ہوگا۔رپورٹ میں تجویز پیش کی گئی کہ پاکستان کوترقی کے لیے خسارےکو پائیدار بنیادوں پر کم کرنےکی ضرورت ہے، شرح نمو میں اضافے کے لیے سرمایہ کاری اور صنعتی پیداوار کو فروغ دینا ہوگا، سرمایہ کاری اور صنعتی پیداوار سے بہتر ملازمتیں پیداہوں گی۔واضح رہے کہ پاکستان نے معیشت کی بہتری کے لیے آئی ایم ایف سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں عالمی مالیاتی ادارے سے بیل آؤٹ پیکیج کی درخواست کی جائے گی۔