اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت کے آنے کے بعد امریکا کے ساتھ رابطے کافی زیادہ ہوگئے ہیں۔دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے بتایا کہ امریکا کے نمائندہ خصوصی برائے پاک افغان مفاہمت زلمے خلیل زاد کے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران افغان مفاہمتی عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان کے مطابق اس دوران دونوں ممالک نے باہمی طور پر آگے بڑھنے پر اتفاق کیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغان طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانا امریکا،افغان حکومت اور دیگراسٹیک ہولڈرز کی ذمہ داری ہے اور اسی وجہ سے زلمے خلیل زاد باقی ممالک کا دورہ بھی کر رہے ہیں۔