اسلام آباد: ملک بھر کے 35 حلقوں میں ضمنی الیکشن کے سلسلے میں انتخابی مہم گزشتہ رات 12 بجتے ہی ختم ہوگئی جبکہ ووٹنگ کل ہوگی۔
حالیہ ضمنی الیکشن میں پہلی بار سمندر پار پاکستانی بھی حق رائے دہی استعمال کرسکیں گے۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق ملک بھر کے 35 حلقوں کے لیے 99 لاکھ 24 ہزار 700 بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں، جنہیں تمام حلقوں کے ریٹرننگ افسران تک پہنچا دیا گیا ہے، جو انہیں پریزائیڈنگ افسران کے حوالے کریں گے۔ضمنی انتخابات کے لیے 7 ہزار 489 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں، جن میں سے ایک ہزار 727 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے۔پولنگ اسٹیشنز پر امن و امان کی ذمہ داری فوج سنبھالے گی اور فوجی اہلکار 15 اکتوبر تک سیکیورٹی کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔واضح رہے کہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی مجموعی طور پر 35 نشستوں پر ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں، جن میں قومی اسمبلی کے 11 اور صوبائی اسمبلیوں کے 24 حلقے شامل ہیں۔