لاہور: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہناہےکہ (ن) لیگ میں قومی و صوبائی اسمبلی میں فارورڈ بلاک بن گیا ہے بس ہم ہی لحاظ کررہے ہیں۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ہمیں 40 دن میں قرضہ لینا پڑا جس کی ذمہ دار سابقہ حکومت ہے، اس سال ہمیں 8 ارب ڈالر کا قرضہ واپس کرنا ہے، گھر لوٹنے والے ڈاکوؤں کو نہیں چھوڑیں گے۔انہوں نے کہاکہ (ن) لیگ کو شفاف الیکشن لڑنے کی عادت نہیں، اس لیے ان کے ہاتھ پاؤں پھولے ہوئے ہیں۔فواد چوہدری نے دعویٰ کیا کہ ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف نہ صرف تمام چھوڑی ہوئی نشستیں جیتے گی بلکہ دوسری نشستیں بھی جیتیں گے کیونکہ لوگ ہمارے ساتھ ہیں۔ایک سوال کے جواب میں وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ شریف فیملی کا مستقبل مخدوش ہے اور (ن) لیگ توڑ پھوڑ کا شکار ہے اسے اب نئی قیادت تلاش کرنی چاہیے جب کہ (ن) لیگ میں قومی و صوبائی اسمبلی میں فارورڈ بلاک بن گیا ہے، ہم ہی لحاظ کررہےہیں۔پچاس لاکھ گھروں کے منصوبے کے سوال میں فواد چوہدری نے کہا کہ جو کہتے تھے شوکت خانم نہیں بن سکتا وہ بن گیا، سب کہتے تھے عمران خان وزیراعظم نہیں بن سکتا وہ بھی بن گئے، اب پچاس لاکھ گھر بھی بنیں گے۔بیوروکریسی کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ہم جمہوریت میں ہیں، سب لوگ منتخب ہوکر آئے ہیں اس لیے ان کا احترام ضروری ہے، ہمارے لوگ بہت محترم ہیں بیوروکریسی کو ان کی باتیں ماننا ہوں گی۔