اسلام آباد: سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت نے ملزم کا بیان کمیشن کے ذریعے ریکارڈ کرنے کا حکم دیا ہے۔جسٹس یاور علی کی سربراہی میں خصوصی عدالت نے غداری کیس کی سماعت کی، بینچ کے دیگر ارکان میں جسٹس طاہرہ صفدر اور جسٹس نذر اکبر شامل ہیں۔گزشتہ سماعت پر عدالت نے ملزم کا بیان ویڈیو لنک کے ذریعے ریکارڈ کرنے پر وکیل سے جواب طلب کیا تھا آج فریقین وکلا نے اس پر دلائل دیے۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد حکم فیصلہ دیتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف کا بیان کمیشن کے ذریعے ریکارڈ کیا جائے گا اور کمیشن خصوصی عدالت مقرر کرے گی۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت 14 نومبر تک ملتوی کردی، یاد رہے کہ کیس کی سماعت کے لیے ایک جج کوئٹہ، ایک کراچی اور ایک لاہور سے اسلام آباد آتے ہیں اور سابق صدر کو خصوصی عدالت کی جانب سے کئی بار طلب کیا جاچکا ہے۔