کراچی کے علاقے سپر ہائی وے پر اینٹی کار لفٹنگ سیل (اے سی ایل سی) پولیس سے مبینہ مقابلے میں کاریں چھیننے اور چوری کرنے میں ملوث 3 ملزمان ہلاک ہوگئے۔اینٹی کار لفٹنگ سیل حکام کے مطابق ناردرن بائی پاس پر سرکاری گاڑیاں چھیننے، چوری کرنے، اغوا برائے تاوان اور پولیس مقابلے کے کیسز میں مطلوب کار لفٹرز کی گرفتاری کے لیے لگائے گئے ناکے کے دوران ایک کار میں سوار مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی۔حکام کے مطابق پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں کارسوار تینوں کار لفٹرز شدید زخمی ہوگئے، جنہوں نے اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ دیا۔ہلاک ہونے والے کارلفٹرز کی شناخت شہزاد عباسی، اشوک کمار اور اسد میرانی کے نام سے ہوئی ہے۔حکام کے مطابق اشوک کمار پر اغوا برائے تاوان اور گاڑیاں چھیننے کے 12 مقدمات درج تھے جبکہ شہزاد عباسی پر 33 مقدمات درج تھے۔حکام نے مزید بتایا کہ ملزمان کا گاڑیاں چھیننے کا اپنا گروہ تھا، جن کے قبضے سے اسلحہ اور مسروقہ گاڑی بھی برآمد ہوئی ہے۔اے سی ایل سی حکام کے مطابق ملزمان کراچی سے گاڑیاں چھین کر سندھ کے دوسرے شہروں اور بلوچستان میں اسمگل کرتے تھے۔