Site icon روزنامہ کشمیر لنک

آشیانہ ہاؤسنگ کیس: شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 14 دن کی توسیع

لاہور: احتساب عدالت نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کیس میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزب اختلاف شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 14 دن کی توسیع کردی۔واضح رہے کہ نیب لاہور نے 5 اکتوبر کو سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو صاف پانی کیس میں طلب کیا تھا، تاہم اُن کی پیشی پر انہیں آشیانہ اقبال ہاؤسنگ کیس میں کرپشن کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔اگلے روز انہیں احتساب عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں جج نجم الحسن نے شہباز شریف کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا تھا۔آج جسمانی ریمانڈ کے اختتام پر شہباز شریف کو بکتر بند کی جگہ عام گاڑی میں احتساب عدالت لایا گیا ہے، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور احتساب عدالت کے اطراف پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی۔احتساب عدالت میں سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر نے شہباز شریف کے مزید 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے عدالت کو آگاہ کیا کہ تفتیش میں شیخ علاؤ الدین کو شامل کرلیا گیا ہے۔جج احتساب عدالت نے استفسار کیا کہ ‘ان سب پر تو الزام ہے جنہیں آپ شامل تفتیش کر رہے ہیں، شہباز شریف کا اس معاملے سے کیا تعلق ہے؟’

جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ‘جس کا ٹھیکہ منسوخ کیا گیا، اس کو متعدد مرتبہ طلب کرچکے ہیں’۔دوران سماعت شہباز شریف کے وکلا نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ‘نیب وکلا نے جتنے بھی دلائل دیئے وہ پرانے ہیں اور جن دلائل کی روشنی میں ریمانڈ مانگا جا رہا ہے، زیرِ سماعت ریفرنس میں وہ تمام باتیں درج ہیں’۔شہباز شریف کے وکلا نے مزید کہا کہ ‘آج 10 مہینے ہوگئے ہیں، تفتیش کرتے ہوئے، نیب مختلف افراد کا ریمانڈ کرچکا ہے، لیکن کوئی ثبوت نہیں ملا’۔نیب وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ‘آشیانہ اسکیم کا ٹھیکہ شہباز شریف کے دستخط سے شروع ہوا’۔

Exit mobile version