لاہور: آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کیس میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ان پر ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں ہوسکی، وہ تفتیش کے لیے نیب افسران کو خود بلاتے ہیں، لیکن انہیں وہاں رکھا گیا ہے جہاں 24 گھنٹے سورج کی روشنی نہیں پہنچتی۔واضح رہے کہ نیب لاہور نے 5 اکتوبر کو سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو صاف پانی کیس میں طلب کیا تھا، تاہم اُن کی پیشی پر انہیں آشیانہ اقبال ہاؤسنگ کیس میں کرپشن کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔اگلے روز انہیں احتساب عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں جج نجم الحسن نے شہباز شریف کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا تھا۔آج جسمانی ریمانڈ کے اختتام پر شہباز شریف کو دوبارہ احتساب عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں ان کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کردی گئی۔دوران سماعت شہباز شریف نے احتساب عدالت کے جج کے سامنے بیان دیتے ہوئے کہا کہ ‘مجھ پر ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں ہوسکی، میں تفتیش کے لیے نیب افسران کو خود بلاتا ہوں’۔شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ ‘دو مہینےکی کارکردگی نے پی ٹی آئی حکومت کا پول کھول دیا ہے’۔