Site icon روزنامہ کشمیر لنک

حکومت کا (ن) لیگ کے دور میں لگائے گئے بجلی کے تمام منصوبوں کے آڈٹ کا فیصلہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ حکومت نے مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں لگائے گئے بجلی کے تمام منصوبوں کے آڈٹ کا فیصلہ کیا ہے جب کہ 2 منصوبے کے آڈٹ کا آغاز بھی ہوچکا ہے۔پریس کانفرنس کے دوران فواد چوہدری نے کہا کہ گزشتہ دور حکومت میں لگایا گیا قائداعظم سولر پاور پلانٹ دنیا کا مہنگا ترین پلانٹ ہے جب کہ بھکی ، حویلی بہادر شاہ، ساہیوال کول، پورٹ قاسم پلانٹس سے دنیا کی مہنگی ترین بجلی پیدا کی جارہی ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ گزشتہ حکومت دعویٰ کرتی رہی کہ اس نے بجلی کے سستے یونٹ لگائے، (ن) لیگ کے آخری دو سالوں میں بجلی کی قیمت بڑھ کر 15 روپے 53 پیسے ہوگئی، اس قیمت پر پیدا ہونے والی بجلی صارفین کو 11 روپے 71 پیسے فی یونٹ میں فراہم کی جا رہی ہے۔وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے مجرمانہ کارروائیاں کیں، بغیر کسی معاشی منصوبے کے فیصلے کیے اور اتنے بڑے قرضے لیے جن کا بوجھ عوام پر ڈال دیا گیا، گزشتہ دور حکومت میں جس طرح اداروں سے کھلواڑ کیا اس کو بھی سامنے لانا ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت کی غلط پالیسیوں کا الزام موجودہ حکومت کو دینا درست نہیں، احتساب کے عمل پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، کرپٹ عناصر کے احتساب کا فیصلہ حکومت کا نہیں پاکستانی عوام کا ہے۔فواد چوہدری نے کہا جب ہم کہتے ہیں چوروں اور ڈاکوؤں کا احتساب ہونا چاہیے تو کہا جاتا ہے یہ لفظ مناسب نہیں، تو کیا یہ طریقہ مناسب ہے جو پاکستان کے لوگوں کے ساتھ کیا گیا، جہاں احتساب کا کہا جاتا ہے وہیں جمہوریت خطرے میں پڑ جاتی ہے۔

Exit mobile version