Site icon روزنامہ کشمیر لنک

وزیراعظم عمران خان کی اہلیت کیخلاف حنیف عباسی کی نظرثانی درخواست مسترد

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے وزیراعظم عمران خان کی اہلیت کے خلاف مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کی نظرثانی درخواست مسترد کردی۔چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے وزیراعظم عمران خان کی اہلیت کے عدالتی فیصلے کے خلاف مسلم لیگ (ن) کے رہنما کی نظرثانی درخواست پر سماعت کی۔عدالت نے حنیف عباسی کے وکیل اکرم شیخ کے دلائل سننے کے بعد فیصلے میں قرار دیا کہ وکیل اکرم شیخ نے کہا کہ عدالت نے حقائق کو نظرانداز کیا تاہم درخواست میں کوئی ایسے قانونی نکات نہیں اٹھائے گئے جس پر نظر ثانی کی جائے۔عدالت نے کہا کہ اکرم شیخ کے مطابق عدالت سے گزشتہ فیصلے میں غلطیاں ہوئیں تاہم ہماری رائے کے مطابق حنیف عباسی کی درخواست میں وزن نہیں اس بنا پر نظر ثانی درخواست مسترد کی جاتی ہے۔یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے 15 دسمبر 2017 کو حنیف عباسی کی عمران خان اور جہانگیر ترین کی نااہلی کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو اہل اور جہانگیر ترین کو نااہل قرار دیا تھا۔250 صفحات پر مشتمل فیصلے میں کہا گیا تھا کہ عمران خان، نیازی سروسز لمیٹڈ کے شیئر ہولڈر یا ڈائریکٹر نہیں، انہوں نے جمائما کے دیے گئے پیسے بھی ظاہر کیے اور فلیٹ ایمنسٹی اسکیم میں ظاہر کر دیا تھا۔عدالت نے جہانگیر ترین کو آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت تاحیات نااہل قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ جہانگیر ترین نے اپنے بیان میں مشکوک ٹرمز استعمال کیں اور صحیح جواب نہ دینے پر انہیں ایماندار قرار نہیں دیا جاسکتا۔

Exit mobile version