Site icon روزنامہ کشمیر لنک

ابوظہبی ٹیسٹ کے ہیرو محمد عباس کی وطن واپسی، ائیرپورٹ پر والہانہ استقبال

سیالکوٹ: پاک آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز کے دوران ابوظہبی ٹیسٹ میں کینگروز کی بیٹنگ لائن تباہ کرنے والے محمد عباس وطن واپس پہنچ گئے جہاں سیالکوٹ ائیرپورٹ پر ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔محمد عباس کے استقبال کے لیے اہل خانہ سمیت اہل علاقہ بھی ائیرپورٹ پر موجود تھے جہاں ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور ڈھول بجائے گئے۔اس دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد عباس نے کہا کہ اللہ تعالیٰ اور اپنی محنت پر یقین تھا۔محمد عباس نے بتایا کہ میں نے کاؤنٹی کرکٹ میں بھی بہت اچھا پرفارم کیا تھا اور اس میں آرام کا موقع بالکل نہیں ملتا، میں نے کاؤنٹی کرکٹ کو جاری رکھا جس کا نتیجہ آپ کے سامنے ہے۔ایک صحافی کے سوال پر کہ کیا آپ ماضی میں کرکٹ سے مایوس ہوکر پاکستان چھوڑ گئے تھے؟

محمد عباس نے جواب دیا کہ جب پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ ختم ہوجاتی تھی تو میں کھیلنے کے لیے عمان جاتا تھا۔قومی کرکٹر نے مزید کہا کہ میں اپنے علاقے سے پہلا کرکٹر ہوں، مجھے دیکھ کر دیگر نوجوانوں کو بھی شوق پیدا ہوا ہے اور میں ان کی مدد کے لیے ہمیشہ دستیاب ہوں۔واضح رہے کہ قومی ٹیم کے میڈیم فاسٹ بولر محمد عباس نے ابو ظہبی ٹیسٹ میں شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلوی بیٹنگ لائن کو تباہ کیا اور 10 وکٹیں اپنے نام کیں، شاندار کارکردگی پر انہیں مین آف دی میچ اور سیریز قرار دیا گیا۔

Exit mobile version