Site icon روزنامہ کشمیر لنک

امریکی چڑیا گھر میں شیرنی نے اپنے 3 بچوں کے باپ کو مار دیا

انڈیانوپلس: امریکی ریاست انڈیانا کے شہر انڈیانوپلس کے ایک چڑیا گھر میں شیرنی نے اپنے تین بچوں کے باپ کو ہلاک کردیا۔

چڑیا گھر کے عملے کا کہنا ہے کہ پیر کی صبح انہوں نے شیروں کے پنجرے سے غیر معمولی دھاڑوں کی آوازیں سنیں۔

رپورٹ کے مطابق جب عملہ وہاں پہنچا تو انہوں نے دیکھا کہ شیرنی ‘زوری’ اور شیر ‘نیئک’ کے درمیان زبردست لڑائی ہو رہی ہے۔

چڑیا گھر کے رکھوالوں نے دونوں کو علیحدہ کرنے کی ہر ممکن کوشش کی لیکن زوری نے نیئک کو گردن سے دبوچ رکھا تھا۔بعدازاں 10 سالہ شیر گردن پر آنے والے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم گھٹنے سے چل بسا۔عملے کے مطابق شیروں کا مذکورہ جوڑا اس چڑیا گھر میں 8 سال سے ساتھ رہ رہا تھا اور 2015 میں شیرنی کے یہاں تین بچوں کی پیدائش بھی ہوئی تھی۔چڑیا گھر کے عملے کے مطابق انہوں نے اس سے قبل کبھی بھی شیر اور شیرنی کے درمیان غصہ محسوس نہیں کیا تھا، لیکن پیر کو اچانک دونوں کے درمیان لڑائی ہوئی، جس کا نتیجہ شیر کی ہلاکت کی صورت میں نکلا۔چڑیا گھر کی انتظامیہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق اس معاملے کی تحقیقات کی جائیں گی۔

Exit mobile version