Site icon روزنامہ کشمیر لنک

پرویز الٰہی اور حمزہ شہباز میں کشیدگی، ایک دوسرے پر وار جاری

لاہور: اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی اور صوبائی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کے ایک دوسرے پر وار جاری ہیں۔پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی نے کہا کہ (ن) لیگ والوں نے پہلے اجلاس میں بھی ہنگامہ آرائی کی، وزیراعلیٰ کے انتخاب کے موقع پر بھی ہنگامہ آرائی کی گئی، یہ چوتھی بار ہنگامہ آرائی ہوئی اور حمزہ شہباز نے گلا پکڑنے کی کوشش کی۔پرویز الٰہی نے کہا کہ حمزہ شہباز بچوں کی طرح ہیں، اگر ایک بچہ ضدی ہے تو اسے ضد کرلینے دیں لیکن جو ساتھ کھڑے ہیں انہیں چاہیے کہ بچے کو سمجھائیں، اپوزیشن بات کرنے کی تمیز سیکھ جائےگی تب بات بھی ہوگی، اسمبلی میں توڑ پھوڑ کی تحقیقاتی رپورٹ ایوان میں پیش کی جائے گی۔اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت کے منصوبوں کی تحقیقات کرارہے ہیں۔دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے بھی پرویز الٰہی کو آڑے ہاتھوں لیا۔حمزہ شہباز نے کہا کہ جعلی تصویر پر اسپیکر نے رولنگ دی اور ہمارے 6 اراکین کو معطل کیا گیا،کیا وجہ ہے کہ اسپیکر صاحب شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار بننے کی کوشش کررہے ہیں؟ اسپیکر ہمیشہ کمیٹی بناکر انکوائری کراتے ہیں اور پھر رولنگ دیتے ہیں۔(ن) لیگ کے رہنما نے وزیراعظم کے قوم سے خطاب پر بھی رد عمل میں کہا کہ کل نیازی صاحب نے قوم سے دس منٹ کا خطاب کیا، احتساب کی بات کرنے والے نیازی صاحب احتساب وہ کرتا ہے جس کا دامن صاف ہو، عمران خان بھی ہیلی کاپٹر کیس میں پیشیاں بھگت چکے ہیں، آپ ہیلی کاپٹر میں سرکاری تیل ضائع کرنے کا جواب دیں۔حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ حکومتی اقدامات اور یوٹرن کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، ہم نے پنجاب کے بجٹ کا 36 فیصد حصہ جنوبی پنجاب کے لیے رکھا، ایک کروڑ نوکریوں کے وعدے کا بھی آپ سے جواب مانگیں گے۔

Exit mobile version