Site icon روزنامہ کشمیر لنک

ملازمین پر حملے کا معاملہ، چیف جسٹس بلائیں گے تو پیش ہوجاؤں گا: اعظم سواتی

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر اعظم سواتی کا کہنا ہے کہ میرے تین ملازمین کو بے دردی سے مارا گیا جس کی شکایت متعلقہ حکام کو کی اور اب چیف جسٹس نے نوٹس لیا ہے اگر وہ بلائيں گے تو پیش ہوجاؤں گا۔سینیٹر اعظم سواتی کا ملازمین پر تشدد کے حوالے سے کہنا تھا کہ ان کے تین چوکیداروں کو بیدردی سے مارا گیا جو اس وقت بھی پمز میں داخل ہیں، کیا قانون انہیں تحفظ فراہم نہیں کرتا، میں چیف جسٹس کے سامنے پیش ہوں گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ قبضہ کر کے رہنے والوں نے میری زندگی اور فیملی کو دھمکیاں دیں اور چوکیدار کو کہا گیا کہ آپ کو اور آپ کے خان کو بم رکھ کر اُڑایا جائے گا۔اعظم سواتی نے کہا ‘میں نے ڈی ایس پی، ایس ایس پی اور پھر آئی جی کو فون کیا اور دھمکیوں سے متعلق بتایا تاہم بار بار کال کرنے کے باوجود 22 گھنٹے تک میری بات پر عمل نہیں ہوا’۔سینیٹر اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ قانون اور بحیثیت شہری میری حفاظت کا ادراک آئی جی اسلام آباد نے نہیں کیا، میں آئی جی کے خلاف عدالتی یا محکمانہ انکوائری کی استدعا کروں گا۔اعظم سواتی کے مطابق انہوں نے چوکیداروں پر حملے سے متعلق وزیراعظم کو موبائل پیغام بھیجا اور وزیرداخلہ کو بھی تحریری درخواست دی۔یاد رہے کہ اعظم سواتی کے بیٹے کی درخواست پر پولیس نے 15 سالہ بچی، چوتھی جماعت کے طالبعلم، 12 سالہ ضیاءالدین اور عمر رسیدہ خاتون سمیت 5 افراد کو گرفتار کرلیا تھا۔پولیس نے ایف آئی آر میں نامزد 12 سالہ لڑکے کو آج رہا کردیا جس کا کہنا ہے کہ ان کی گائے اعظم سواتی کے فارم ہاؤس چلی گئی تھی، واپس دینے سے انکار پر وہ خود گائے کھول کر لے آئے جس پر ڈنڈا بردار لوگوں نے گھر آکر تشدد کا نشانہ بنایا۔

Exit mobile version