ابوظہبی: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج کھیلا جائے گا۔ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں دونوں ٹیمیں پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے مدمقابل ہوں گی۔قومی ٹیم کے اوپنر فخر زمان کی انجری کے باعث نیوزی لینڈ کے خلاف آج ہونے والے میچ میں شرکت کا امکان نہیں جب کہ سابق کپتان شعیب ملک نے ابوظہبی میں پاکستان ٹیم کو جوائن کرلیا۔شعیب ملک آسٹریلیا کے خلاف آخری ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے کے بعد بیٹے کی ولادت کے سلسلے میں بھارت گئے تھے اور آج واپس ابوظہبی پہنچ گئے اور نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کا حصہ ہوں گے۔قومی اسکواڈ کپتان سرفراز احمد، بابراعظم، آصف علی، محمد حفیظ، شعیب ملک، فہیم اشرف، صاحبزادہ فرحان، حسین طلعت، عماد وسیم، حسن علی، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، عثمان خان اور وقاص مقصود پر مشتمل ہے۔نیوزی لینڈ ٹیم کی قیادت کین ولیمسن کریں گے اور کیویز اسکواڈ روس ٹیلر، کوری اینڈرنس، کولن منرو، مارک چیمپن، کولن گرینڈہوم، لوکی فرگوسن، ایڈم ملنے، گلین فلپس، سیتھ رینس، ٹم سیفرٹ، ایش سودھی اور ٹم ساؤتھی پر مشتمل ہے۔یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان متحدہ عرب امارات میں تین ٹی ٹوئنٹی، تین ون ڈے اور تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی۔