اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہےکہ نہ کبھی عدالت کی توہین کی ہے نہ کبھی ایسا کرنے کا سوچ سکتا ہوں اور ہم قانون کے مطابق چلیں گے جب کہ ملک وزیراعظم عمران خان کی پالیسیز کے مطابق چلے گا۔سپریم کورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہاکہ میرا چیف جسٹس سے احترام کا تعلق ہے، نہ کبھی عدالت کی توہین کی ہے نہ کبھی ایسا کرنے کا سوچ سکتا ہوں، میرے بیان کا عدالت سے نہیں بیوروکریسی سے تھا، ہم قانون کے مطابق چلیں گے، بیوور کریسی سے محبت میں کوئی کمی نہیں آئی۔انہوں نے کہاکہ جہاں جہاں اختیارات سے تجاوز ہوگا وہاں قانون کو حق ہے، سپرمیسی کسی شخص کی نہیں آئین کی ہے، آئین کے تحت اختیارات پر چلیں گے، پی ٹی آئی کی جدوجہد ہی آئین کے مطابق حکومت چلانے پر ہے، میں نے اداروں میں اخیتارات اور توازن کی بات کی ہے۔وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ پولیس میں کوئی سیاسی مداخلت نہیں، اس وقت بیورو کریسی سے متعلق مسائل آرہے ہیں لیکن یہ ملک وزیراعظم عمران خان کی پالیسیز کے مطابق چلے گا۔فواد چوہدری مزید کہا کہ اعظم سواتی سے متعلق کچھ نہیں پتا، وہ شریف انسان ہیں، جھگڑے کس کے نہیں ہوتے۔وزیراطلاعات نے آل پارٹیز کانفرنس پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی اے پی سی پھسپھسی نکلی ہے، مولانا صاحب لگے رہیں، اگلے دس پندرہ سالوں میں کامیابی شاید ملے لیکن اس وقت حکومت مستحکم ہے اور عمران خان پر لوگوں کا اعتماد ہے، ہم لوگوں سے کیے وعدے پورے کریں گے۔