کراچی: ملک بھر میں عوام کے احتجاج کے بعد کراچی سے چلنے والی گرین لائن کی روانگی منسوخ کردی گئی۔ریلوے ذرائع کے مطابق کراچی اور لاہور کے درمیان ٹرینیں گھنٹوں تاخیر کا شکار ہیں جس کے پیش نظر ٹرینوں کی روانگی بھی منسوخ کی گئی ہے۔ڈی سی او ریلوے کا کہنا ہے کہ آج کراچی سے روانہ ہونے والی گرین لائن کی روانگی منسوخ کردی گئی ہے جب کہ کل چلنے والی عوام ایکسپریس کی روانگی بھی منسوخ کی گئی ہے۔ڈی سی او ریلوے کا کہنا ہے کہ ٹرینوں کی منسوخی کے بعد مسافر اپنی رقم اسٹیشن سے واپس حاصل کرسکتے ہیں۔ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی اور لاہور کے درمیان ٹرینیں گھنٹوں تاخیر کا شکار ہیں جب کہ راولپنڈی اور لاہور کے درمیان ٹرین سروس 30 گھنٹے سے معطل ہے۔ذرائع کے مطابق راولپنڈی اور لاہور کے درمیان ٹرین سروس براستہ وزیر آباد سرگودھا چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے آسیہ بی بی سے متعلق فیصلے کے بعد مذہبی جماعتوں کی جانب سے ملک کے مختلف حصوں میں شدید احتجاج کیا جارہا ہے جب کہ حکومت نے مذاکرات ختم کرانے کے لیے مذاکرات کا فیصلہ کیا ہے۔