Site icon روزنامہ کشمیر لنک

‘امید ہے حکومت کوئی غیرآئینی اقدام نہیں کریگی جس سے سسٹم کو لپیٹا جائے’

سکھر: پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ امید ہے کہ حکومت کوئی غیر آئینی اقدام نہیں کرے گی، جس سے سسٹم کو لپیٹا جائے۔وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ ایک شخص مسلسل ایسی بات کر رہا جس سے سیاسی نظام کو سپورٹ نہیں مل رہی، ایک صوبہ لپیٹ میں آیا تو سارا نظام لپیٹ میں آتا ہے۔خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی کوشش ہے کہ یہ جمہوری نظام آگے چلے، ہم کوئی ایسی تحریک چلانے کے موڈ میں نہیں جس سے نظام لپیٹا جائے، امید ہے کہ حکومت کوئی غیر آئینی اقدام نہیں کرے گی۔وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا گزشتہ روز کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سندھ حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں جس پر خورشید شاہ نے کہا کہ فواد چوہدری کی بات پر کیا تبصرہ کروں، کوئی سینئر پارلیمنٹیرین ایسی بات کرتا تو کچھ کہتا۔خورشید شاہ نے کہا کہ مبینہ انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کے لیے بنائے جانے والی پارلیمانی کمیٹی کا پہلا اجلاس کل ہوگا، کمیٹی کے ٹی او آرز بنیں گے تو ہی کمیٹی چلے گی۔

Exit mobile version