Site icon روزنامہ کشمیر لنک

فسادی سیاستدانوں کو خلا میں بھیجا تو حکومتی بینچز خالی ہوجائیں گی: خورشید شاہ

اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ فسادی سیاستدانوں کو خلاء میں بھیجنے کا کہا گیا ہے اگر ایسا ہو تو حکومتی بینچز خالی ہوجائیں گی۔قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ اسپارکو نے خلاء میں لوگوں کو لے جانے کے لیے 5 سال کا ڈیٹا مانگا ہے اور میری درخواست ہے کہ پانچ سال کی بجائے تین چار ماہ کا ڈیٹا مانگیں۔خورشید شاہ کا کہنا تھا اسپارکو کو کہا گیا کہ فسادیوں کو خلاء میں بھیجا جائے اور واپس نہ آنے دیا جائے، کتنی اچھی بات کی گئی، خورشید شاہ نے حکومتی بینچز کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا اس طرح تو اس طرف کا ایوان خالی ہوجائے گا کیونکہ سارا فساد تو انہوں نے شروع کیا تھا۔پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ ہم فسادی نہیں امن پسند ہیں، ہم نے ہڑتالیں نہیں کیں، یہ کنٹینر پر چڑھتے تھے ہم انہیں اتار کر لاتے تھے۔اس موقع پر وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ خورشید شاہ نے خلاء میں بھیجنے کی جو تجاویز دیں ان پر غور کیا جائے گا۔یاد رہے کہ وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے گزشتہ روز میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسپارکو سے درخواست کروں گا جو یہاں فساد فی الارض پھیلا رہے ہیں اُنہیں خلاء میں بھیج دیں تو ہماری بچت ہو جائے گی، کچھ سیاستدانوں کا بھی یہ علاج ہے تاکہ پاکستان کی جان چھوٹ جائے۔آج قومی اسمبلی آمد کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ گزشتہ قائد حزب اختلاف کا پیکج چیک کریں جو انہیں سابقہ حکومت سے ملا تھا، جو فساد فی الارض پھیلا رہے ہیں ، وہ دو سے تین تعداد میں ہر جماعت میں ہیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ ہمیں لوگوں کا انتظام کرنا ہے، ہم نے آسان حل بتایا ہے کہ فساد بھی نہ ہو اور زمین بھی پاک ہو جائے، اپوزیشن والوں کوشوق ہے تو ان کی خلائی مخلوق سے بھی ملاقات ہو جائے۔

Exit mobile version